مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی نے پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد روانہ ہونے سے پہلے تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی اور حکومتی سطح پر تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ ماضی سے لے کر آج تک دونوں کے درمیان بہت اچھے سیاسی، اقتصادی اور مذہبی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف بین الاقوامی مسائل پر ایران اور پاکستان مشترکہ موقف رکھتے ہیں جن میں انسانی حقوق، فلسطین اور دہشت گردی کے خلاف جنگ وغیرہ شامل ہیں۔ دونوں ممالک ان امور پر ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں۔
صدر رئیسی نے کہا کہ اسلام آباد کے دورے کے دوران پاکستانی حکام کے ساتھ سیکورٹی، اقتصادی اور تجارتی امور پر مذاکرات ہوں گے۔ باہمی تجارت کا حجم بڑھاکر 10 ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایرانی مارکیٹ سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ ان کے دورے کے دوران ایرانی تجارتی وفد اس حوالے سے پاکستانی تاجروں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کرے گا۔
صدر رئیسی نے پاکستانی عوام کو دیندار اور انقلاب اسلامی اور ایرانی مذہبی رہنماوں کے عقیدت مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام مذہبی اقدار کے پابند ہیں۔
آپ کا تبصرہ