مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روسی فیڈریشن، اسلامی جمہوریہ ایران، شامی عرب جمہوریہ اور جمہوریہ ترکی کے وزرائے دفاع کے مابین چار فریقی مذاکرات رواں سال 25 اپریل کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقد ہوئے۔
واضح رہے کہ ان مذاکرات میں، شامی عرب جمہوریہ میں امن و امان کے قیام کیلئے موجودہ اقدامات کا جائزہ اور جمہوریہ ترکی کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ان چار فریقی مذاکرات میں، شام کی سرزمین پر ہر طرح کی دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور داعش سمیت دیگر شدت پسند گروپوں کے خلاف جدوجہد پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
واضح رہے ان مذاکرات کے نتیجے میں فریقین نے شام کی سرحدوں کے تحفظ اور شامی مہاجرین کی جلد از جلد اپنے وطن واپسی کیلئے مشترکہ کوششوں کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
چاروں ممالک کے وزرائے دفاع کی جانب سے موجودہ موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے تعمیری مذاکرات کی ضرورت اور شامی عرب جمہوریہ اور پورے خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے ان جیسے مذاکرات کو مزید جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی خصوصی طور پر توجہ دلائی گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ