مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں زلزلے کے بعد تباہ کن سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 1234 سے تجاوز کر گئی ہے۔ انڈونیشیا کی حکومت کی جانب سے ہلاکتوں کے حوالے سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق جزیرہ سولاویسی میں ہلاکتوں کی تعداد 844 سے بڑھ کر 1234 ہوگئی ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 2 لاکھ افراد کو فوری طور پر امداد کی ضرورت ہے جن میں ہزاروں بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مایوس متاثرہ افراد دکانوں سے پانی اور کھانے پینے کی اشیا اٹھا کر لے گئے لیکن کمپیوٹر اور نقد چوری کرنے والے 35 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب ہیوی مشینری کی عدم دستیابی اور ٹرانسپورٹ کی شدید کمی، بڑے پیمانے پر نقصان اور انڈونیشیا کی حکومت کی جانب سے بیرونی امداد لینے سے گریز کے باعث امدادی کارروائیوں میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
چارروز قبل انڈونیشیا کے جزیرے سولا ویسی میں 7.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں اور آفٹر شاکس کے بعد سونامی کی 10 فٹ بلند لہروں نے پالو شہر میں بڑے پیمانے پرتباہی مچائی تھی۔ عمارتیں منہدم، سڑکیں تباہ اور بجلی کی ترسیل کا نظام معطل ہوگیا جب کہ گاؤں کے گاؤں پانی میں ڈوب گئے۔
آپ کا تبصرہ