9 فروری، 2013، 11:35 AM

امریکہ

امریکہ کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان سے نظام زندگی متاثر

امریکہ کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان سے نظام زندگی متاثر

مہرنیوز- 9 فروری 2013ء: امریکہ کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے جبکہ نیویارک میں ساڑھے 4 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

مہرخبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے جبکہ نیویارک میں ساڑھے 4 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔میسا چوسیٹس میں گاڑیاں چلانے پر پابندی لگادی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو بلاضرورت گھر سے نہ نکلنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سینڈی طوفان کے بعد امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں کو ایک بار پھر طوفان کا سامنا ہے۔ ریاست میسا چوسیٹس، نیویارک، نیوجرسی، کنیٹی کٹ، رہوڈز آئی لینڈ اور مین سمیت کئی ریاستیں برف کے طوفان کی زد میں ہیں۔ دارالحکومت واشنگٹن سمیت متعدد شہروں میں 60 ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ریاست میسا چوسیٹس میں سڑکوں پر ہر قسم کی ٹریفک پر پابندی لگا دی گئی ہے اور دارالحکومت بوسٹن میں تمام اسکول بند کردیے گئے ہیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی گارڈز بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔ بوسٹن میں ہفتے کی رات تک 3 فٹ برف پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جو شہر کی تاریخ کی سب سے زیادہ برف باری ہوگی۔ نیویارک شہر میں بھی برف باری نے ہلچل مچا رکھی ہے، ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے کے علاہ ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی ہے، ہزاروں شہری ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر ٹورنٹو میں 10 انچ تک برف باری ہوئی، جس کے بعد برف باری کا 5سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ برف باری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے، تعلیمی ادارے بند کردئیے گئے ہیں جبکہ برف باری اور پھسلنے کے باعث درجنوں ٹریفک حادثات میں3 افرادہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔

News ID 1812408

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha