مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حکیم الامت شاعر مشرق علامہ اقبال رحمۃ اللّٰہ علیہ کے یومِ ولادت کے موقع پر جامعہ عروۃ الوثقی لاہور پاکستان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ علامہ اقبال کے ہاں دین کا ایک مکمل منظومۂ فکر موجود ہے، جس میں توحید، نظامِ رسالت و امامت ایک مربوط فکری عمارت کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔ اس عمارت میں خودی اور مزاحمت و مقاومت کو مرکزی ستون کی حیثیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کی تاریخ سے یہ حقیقت واضح کی کہ ایک چھوٹی سی اقلیت ہزاروں میل دور سے آکر یہاں کی اکثریت پر حکمران بن گئی، اس کی سرزمین، حکومت، اختیار اور تعلیم چھین لی اور اسے غلام بنا دیا؛ یہ سب اس لیے ممکن ہوا کہ قوم نے مدافعت و مزاحمت کا راستہ چھوڑ دیا۔
سربراہ تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ نے کہا کہ آج بھی یہی سوال پوری امتِ مسلمہ کے سامنے ہے کہ دنیا کی آٹھ ارب آبادی میں ظلم و جارحیت کے خلاف مزاحمت کرنے والے کتنے ہیں؟ دین، قرآن اور تعلیمات ایک ہونے کے باوجود امت کا اجتماعی کردار مزاحمت سے خالی کیوں ہے؟ اقبال نے جوانانِ عجم کو مزاحمت و مقاومت کے راز سے آشنا کیا جنہوں نے آگے بڑھ کر یہ پیغام قبول کیا۔ پاکستان، جو اقبال کی سرزمین ہے، وہاں مزاحمت و مقاومت کا شعور اور عملی کردار کہاں ہے؟
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقبال کے پیغام کو محض شاعری اور فکری مباحث تک محدود رکھنے کے بجائے اجتماعی شعور اور عملی کردار میں ڈھالا جائے۔
آپ کا تبصرہ