مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی کونسل کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے عراق کا دورہ کرنے والے ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقات اور مختلف امور پر گفتگو کی ہے۔
اس ملاقات میں عالم اسلام کے مسائل اور تنظیم کے ایجنڈے میں شامل موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے نئے سیکرٹری جنرل کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے، اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانے اور عالم اسلام کو درپیش مشترکہ چیلنجوں اور خطرات، بالخصوص مقبوضہ فلسطین کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے مؤثر کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے بانی رکن ممالک میں ایران کے مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران توقع رکھتا ہے کہ تنظیم کا سیکرٹریٹ پیشہ ورانہ اور غیر جانب دارانہ طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے اسلامی مفاہمت اور یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرے گا اور ایسے کسی بھی شبہے کو پیدا ہونے سے روکے گا جس سے یہ تاثر ملے کہ سیکرٹریٹ کسی رکن ملک کے حق میں یا اس کے خلاف جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
اس ملاقات میں جزیرہ نمائے عرب کی صورتِ حال اور تنازعات میں شدت آنے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے سعودی عرب اور یمن کے درمیان مذاکرات اور روابط کے لیے ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے ایران کی آمادگی پر بھی زور دیا۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے اجلاس میں ایرانی وزیر خارجہ کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کا سیکرٹریٹ اسلامی ممالک کے درمیان ثالثی اور اختلافات کے حل کے لیے نئے اقدامات وضع کرنے اور انہیں آگے بڑھانے کے سلسلے میں ایران کے تجربات اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔
آپ کا تبصرہ