مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک انصار اللہ یمن کے سیاسی دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ فیصلہ کن مرحلے میں مقابلہ محاصرے کے مقابلے میں محاصرہ اور کشیدگی کے مقابلے میں کشیدگی کی بنیاد پر جاری رہے گا، یہاں تک کہ یمنی عوام کے تمام اہداف حاصل ہوجائیں۔
بیان میں زور دیا گیا کہ یمن کی تاریخ نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ یہ سرزمین جارح قوتوں کا قبرستان ہے اور ہر جارح و اجرتی قوت کا حتمی انجام تاریخ کے کوڑے دان میں جگہ پانا ہے۔
اسی سلسلے میں یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ سعودی دشمن کے ٹھکانوں پر یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں کے حملے مکمل طور پر دانش مندانہ، سوچے سمجھے اور جائز اقدامات ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد ریاض کو جارحیت ختم کرنے اور محاصرہ اٹھانے پر مجبور کرنا ہے۔
المشاط نے صنعاء کے فیصلوں کی خودمختاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام کے مفادات ہی ہماری دفاعی کارروائیوں کی بنیادی رہنمائی کرتے ہیں اور ان کارروائیوں کے دوسروں پر مرتب ہونے والے نتائج ہماری تشویش کا موضوع نہیں ہیں۔
آپ کا تبصرہ