مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل احمد وحیدی نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی دونوں جنگوں کے دوران ملکی دفاعی صنعت کے ماہرین اور کارکنوں کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، میجر جنرل احمد وحیدی نے ایران کے نومنتخب وزیر دفاع مہرداد اخلاقی سے ملاقات کی، جس میں دفاعی صنعت کے کردار، مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے، جنگی حالات میں دفاعی سازوسامان اور ہتھیاروں کی پیداوار جاری رکھنے اور وزارت دفاع کے صنعتی اداروں اور سپاہِ پاسداران کے درمیان تعاون کو فروغ دینے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میجر جنرل احمد وحیدی نے 12 روزہ جنگ اور 40 روزہ جنگ کے دوران دفاعی صنعت سے وابستہ ماہرین اور کارکنوں کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا اور دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے ملکی اور مقامی صلاحیتوں پر انحصار کو اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صنعتی اور تکنیکی سرگرمیوں کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ مقامی علم و ٹیکنالوجی پر بھروسا، ماہرین کا عزم اور دفاعی سازوسامان کی پیداوار کے تسلسل کو برقرار رکھنا مسلح افواج کی تیاری اور ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بنیادی عوامل ہیں۔
سپاہِ پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے ملکی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کے عملی اور صنعتی شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے سے جنگی صلاحیتوں میں اضافہ، دفاعی تیاریوں میں بہتری اور ملک کی دفاعی بازدارندگی کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے دفاعی صنعت کے مختلف شعبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کو بھی اہم قرار دیا تاکہ مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے اور دفاعی سازوسامان کی فراہمی میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
ایران کے نومنتخب وزیر دفاع مہرداد اخلاقی نے اس موقع پر مسلح افواج کی معاونت، دفاعی ٹیکنالوجی کی ترقی اور اسٹریٹجک ہتھیاروں کی تیاری کے حوالے سے وزارت دفاع کی مکمل حمایت کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے دفاعی صنعت کے شعبے کی صلاحیتوں اور تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے سپاہِ پاسداران انقلاب کے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ ان کے مطابق دفاعی سازوسامان کے ڈیزائن، پیداوار، حصول اور معاونت کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینا وزارت دفاع کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
آپ کا تبصرہ