مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان مں عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 101نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن 75 اور پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 17، دیگر آزاد امیدوار 8، مسلم لیگ (ق) 3، جمعیت علمائے اسلام 4، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے 2، 2 نشستیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، مسلم لیگ ضیا، نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشل عوامی پارٹی پاکستان، بلوچستان عوامی پارٹی اور مجلس وحدت المسلمین کے حصے میں ایک ایک نشست آئی۔
عام انتخابات میں پارٹی سربراہان کہاں سے کامیاب ہوئے؟
8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں جہاں بڑے بڑے اپ سیٹ ہوئے وہیں مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے کامیابی بھی حاصل کی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دی
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر کامیانی حاصل کی، انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 194 لاڑکانہ اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ سے کامیابی حاصل کی۔
بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 256 خضدار سے کامیابی حاصل کی۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے این اے 256 پشین سے کامیابی حاصل کی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 248 سے کامیابی حاصل کی۔
صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کی صورتحال
سندھ اسمبلی کی تمام 130 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جس کے مطابق پیپلز پارٹی 84 نشستوں کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے جبکہ پنجاب میں مسلم لیگ ن حکومت بنانے سے چند قدم کی دوری پر ہے اور 131 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے، 126 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی بھی 10 سیٹیں جتینے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
اگر خیبر پختونخوا اسمبلی کی بات کی جائے تو 113 میں سے 111 نشستوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں جس میں 90 نشستوں پر آزاد امیدوار قرار پائے ہیں جبکہ جے یو آئی 7، مسلم لیگ ن 5 اور جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی 4، 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔
بلوچستان اسمبلی کی 51 میں سے 44 نشستوں کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے 9 اور جے یو آئی نے 8 سیٹیں جیت لی ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی 4 اور عوامی نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی 2، 2 نے بھی دو دو نشستیں جیت لیں، 5 آزاد امیدوار بھی کامیاب رہے۔
آپ کا تبصرہ