18 اکتوبر، 2023، 1:37 AM

غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملہ، ایران سمیت دیگر ممالک کی شدید مذمت

غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملہ، ایران سمیت دیگر ممالک کی شدید مذمت

قابض اسرائیل فوج کی جانب سے غزہ میں قائم ہسپتال پر فضائی حملے میں 800 سے زائد افراد شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں، جس پر ایران سمیت دیگر ممالک نے شدید مذمت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں قائم ہسپتال اسرائیل کے راکٹ حملے کے بعد ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے جبکہ اطراف میں شدید آگ بھی لگی ہوئی ہے، وزارت صحت کے مطابق اسپتال زخمی اور بیمار مریضوں سے پہلے ہی بھرا ہوا تھا۔

قابض اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے حملے کی مختلف ممالک ایران، پاکستان، سعودی عرب مصر، کینیڈا، ترکیہ، قطر سمیت دیگر نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل کی جانب سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نہتے عوام اور اسپتالوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس اقدام کو ایک وحشیانہ جنگی جرم اور نسل کشی قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ قابض صیہونی حکومت نے فلسطینیوں کے خلاف اپنے شرمناک جرائم کے تسلسل میں اس گھناؤنے اور بھیانک جرم کا ارتکاب کرکے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ جنگ کے دوران بین الاقوامی قوانین کے اصولوں اور ضابطوں کی ذرہ برابر بھی پاسداری نہیں کرتا۔

کنعانی نے فلسطینی عوام اور مزاحمتی بلاک بالخصوص اس گھناؤنے جرم میں شہید ہونے والے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ایران کی حکومت اور عوام کی گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ بلاشبہ اس واقعے کے مظلوم شہداء کے خون سے فلسطینیوں کے عزم کو تقویت ملے گی۔ مزاحمتی اور مجاہد فلسطینی قوم اپنی سرزمین کو قابضین کے وجود سے آزاد کرانے کے لیے اٹھ کھڑی ہوگی۔

سعودی عرب نے بھی ہسپتال پر حملے کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال پر حملہ کر کے اسرائیلی فورسز نے انتہائی سنگین جرم اور گھناؤنا فعل کیا ہے۔

مصر نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو ایسی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کرنی چاہیے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملہ “خوفناک اور قطعی طور پر ناقابل قبول” اور ناقبل معافی ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ غزہ کے اسپتال پر حملہ “اسرائیل کے حملوں کی تازہ ترین مثال ہے جو بنیادی انسانی اقدار سے مبرا ہے۔” اردگان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا، “میں پوری انسانیت سے غزہ میں ہونے والے ظلم کو روکنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کرتا ہوں۔”

قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اردن کی وزارت خارجہ نے بھی منگل کو ایک بیان جاری کیا جس میں ہسپتال پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

بیان میں فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور غزہ میں جاری جنگ کو روکنے کے لیے فوری طور پر کوششوں میں شامل ہونے پر زور دیا۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ میں ہسپتال پر فضائی حملے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

News ID 1919469

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha