مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ گزشتہ شب (17 اکتوبر کو) غزہ شہر کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیلی قوج کی جانب سے فضائی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 800 سے زائد افراد شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
غزہ میں قائم اسپتال اسرائیل کے راکٹ حملے کے بعد ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے جبکہ اطراف میں شدید آگ بھی لگی ہوئی ہے، وزارت صحت کے مطابق اسپتال زخمی اور بیمار مریضوں سے پہلے ہی بھرا ہوا تھا۔
قابض اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر ظلم کی انتہا کردی ہے جس پر پاکستانی شوبز ستاروں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کیے ہیں۔
معروف اداکار عثمان خالد بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘فوری طور پر سیز فائر کا مطالبہ کیا اور غزہ میں انسانی امداد فراہم کرنے کی اجازت کے لیے درخواست کی’۔
عثمان خالد بٹ نے سوال کیا کہ ‘کیا ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کا خون کافی نہیں تھا؟’
اُنہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘برائے مہربانی غزہ کے لوگوں کے لیے اپنی آواز بلند کریں’۔
اُشنا شاہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں سوال کیا کہ ‘ہم کس چیز کا بائیکاٹ کریں؟ ہم کہاں ہڑتال کریں؟ ہم کیا کریں؟ کوئی مجھے بتا سکتا ہے کہ میں کیا کروں؟ اور کہاں سے شروع کروں؟’
اداکارہ نے اپنی بےبسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘فی الحال! میں صرف اپنے رب سے فلسطین کے لیے دُعا کرسکتی ہوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے معصوم فلسطینی عوام کی آواز بن سکتی ہوں’۔
ارمینہ خان نے کہا کہ ‘میں اب مزید ٹوئٹر (ایکس) کا استعمال نہیں کرسکتی کیونکہ میں غزہ کے اسپتالوں میں بچوں کے جسم کے اعضاء بکھرے ہوئے نہیں دیکھ سکتی’۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘غزہ کے اسپتال پر قابض اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں 800 افراد شہید ہوگئے ہیں، انا للہ و انا الیہ راجعون’۔
واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسپتال پر ہونے والے حملے میں کم از کم 800 افراد شہید ہوئے ہیں۔ اسرائیلی افواج نے اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول میں موجود پناہ گزینوں کو بھی نشانہ بنایا۔
آپ کا تبصرہ