15 اپریل، 2025، 1:36 PM

مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، 3 افراد جانبحق،19 زخمی

مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، 3 افراد جانبحق،19 زخمی

پاکستانی صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری (بی سی) کے 3 اہلکار جانبحق اور 19 زخمی ہوگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ریمورٹ کنٹرول بم دھماکا دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب ہوا، دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکا موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سے کیا گیا، دھماکا اس وقت کیا گیا جب کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار پولیس ٹرک میں سوار ہو کر ڈیوٹی سے واپس جارہے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ بم دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار جانبحق ہوئے جب کہ 19 زخمی ہیں، جانبحق اہلکاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے کے حوالے سے حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ آر ٹی سی قلات سے پولیس اہلکاروں کو لے جانے والے ٹرک پر آئی ای ڈی دھماکا ہوا، دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 جوان جانبحق ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے، تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

News ID 1931876

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha