مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے جنگوں ، تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے اور پناہ گزینوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے عالمی ایام پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آفاقی مذہب کے ساتھ مکمل ضابطہ حیات ہے،جس نے تمام شعبوں میں انسانی معاشروں اور انسانیت کی فلاح کی رہنمائی فرمائی ہے ، جنگ ہو یا امن ، ہجرت ہو یا قیام ، تمام صورتوں میں رہنما اصول ایسے وضع کئے جورہتی دنیا تک مثال رہیں گے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ دوران جنگ میں فریق مخالف کے ساتھ حسن سلوک کا تذکرہ اسلامی تعلیمات میں واضح ہے،حضوراکرم (ص) نے فتح مکہ کے موقع پر جس طرح مخالفین کے گھروں کو بھی پناہ گاہ قرار دیا وہ دنیا کی سب سے بڑی مثال ہے جس میں مفتوحہ علاقے میں کوئی تشدد ہوا نہ ہی کسی کے جان و مال کو گزند پہنچایاگیا بلکہ اسے تحفظ فراہم کیاگیا، جنگی قیدیوں پر تشدد یا جنسی تشدد کی بجائے انہیں تعلیم و تربیت سے وابستہ کردیاگیا ، اقوام عالم کو جنگوں اور تنازعات میں اسلام کے رہنما اصولوں سے استفادہ کرنا چاہیے ،سپہ سالار لشکر محمدی حضرت علی ابن ابی طالب(ع) نے اس حوالے سے ایسی مثالیں رقم کیں جو رہتی دنیا تک مثال ر ہیں گی۔
علامہ ساجد نقوی نے مہاجرین کے عالمی دن پر کہاکہ انصار و مہاجرین میں حضوراکرم کا معاہدہ رہتی دنیا کےلئے مثال ہے کہ کس طرح انصار مدینہ نے مہاجرین کا استقبال کیا ، کس طرح سے اپنے مشکل ترین حالات میں بھی مہاجرین کےلئے کشادہ دلی سے کام لیا، افسوس آج بھی مہذب دنیا میں اقتدار کی رسہ کشی اور بے پناہ ظلم ڈھانے اور گھروں سے جبراً نکالنے کی وجہ سے لاکھوں مہاجرین نام نہاد کیمپوں میں کسمپرسی کی حالت میں رہنے پر مجبور ہیں، یورپ و مغربی ممالک جو خود کو تہذیب یافتہ کہتے ہیں ان کے دروازے جنگوں اور فاسد نظام سے تنگ مہاجرین کےلئے بند ہیں لیکن اقوام متحدہ نے اس سلسلے میں کوئي ٹھوس اقدامات انجام نہیں دیئے ۔حالانکہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک نے لاکھوں افغان مہاجرین کو نہ صرف پناہ دی بلکہ 2 عشروں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود انہیں سہولیات فراہم کررہاہے۔
آپ کا تبصرہ