مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی تیلگو نیوزچینل کی معروف نیوز اینکر رادھیکا ریڈی نے پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے تیلگو نیوز چینل وی6 ٹی وی کی معروف نیوز اینکر نےحیدر آباد کےعلاقے کوکت پالے میں پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ پولیس کو رادھیکا کے بیگ سے ایک تحریر بھی ملی ہے جس میں لکھا ہے کہ وہ شدید ذھنی پریشانی کاشکار تھیں جس کے باعث وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے جارہی ہیں، اس کے پیچھے اور کوئی وجہ نہیں ہے، " میرا دماغ میرا دشمن ہے۔" کوکت پالے پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وی پرسنا کمار کا کہنا ہے کہ رادھیکا گزشتہ روز 10 بج کر 40 منٹ پر اپنے گھر آئیں اور اپنی بلڈنگ کی سب سے اوپری منزل پر چڑھ کر چھلانگ لگادی۔ رادھیکا کو سر میں شدید چوٹیں آئی تھیں اورگرنےکے باعث ان کے پاؤں میں فریکچر ہوگیا تھا۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ رادھیکا اور ان کے شوہر کے درمیان 6 ماہ قبل علیحدگی ہوگئی تھی جس کے بعد وہ اپنے 14 سالہ ذہنی معذور بیٹے کے ہمراہ اپنے والدین کے ساتھ رہ رہی تھیں۔ رادھیکا کے والد کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ رات اپنی بیٹی کی گھر واپسی کےمنتظرتھے، جب انہیں تقریباً ساڑھے دس بجے گھر کے باہر شور سنائی دیا جب وہ باہر دیکھنے گئے تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کی بیٹی نے بلڈنگ سے چھلانگ لگاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا ہے۔
ہندوستانی تیلگو نیوزچینل کی معروف نیوز اینکر رادھیکا ریڈی نے پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
News ID 1879776
آپ کا تبصرہ