مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ النجباء عراق کی سیاسی کونسل کے سربراہ شیخ علی الاسدی نے کہا ہے کہ امریکیوں نے عراق میں ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں کے لیے عراقیوں پر مشتمل ایک گروہ تشکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس گروہ کی سرگرمیوں پر ہماری نظر ہے اور اس امریکی منصوبے میں بعض سکیورٹی شخصیات بھی فتنہ پیدا کرنے کے لیے ملوث تھیں۔
شیخ علی الاسدی نے المیادین سے گفتگو کرتے ہوئے عراقی حکومت کی جانب سے ایرانی طیاروں کو ملک کے ہوائی اڈوں پر اترنے سے روکنے کے فیصلے کو ’’امریکی غنڈہ گردی کے سامنے تسلیم ہونے‘‘ کے مترادف قرار دیا اور فیصلہ سازوں سے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں تبدیلی کے لیے عوامی دباؤ کی تحریکیں شروع ہوسکتی ہیں۔
تحریکِ النجباء کی سیاسی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ عراق کو اپنے سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی فیصلوں میں آزاد ہونا چاہیے۔ اگر عراق اپنے اوپر حکومت کر سکے اور امریکی مداخلت کو روک سکے تو مزاحمت کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکیوں نے مزاحمت کو ہتھیار ڈالنے کے بدلے مختلف منصوبوں اور مراعات کی پیشکش کی، تاہم النجباء نے اسے مسترد کردیا۔
آپ کا تبصرہ