مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی مجلس خبرگان رہبری نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر کسی بھی نئے حملے کا مسلح افواج کی جانب سے فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا، جس کی جغرافیائی حدود بھی متعین نہیں ہوں گی۔ مجلس نے حکام پر زور دیا ہے کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے علیحدگی کے معاملے کا جائزہ لیا جائے۔
مجلس خبرگان نے اپنے بیان میں آٹھ ماہ سے جاری رات کے اجتماعات میں ایرانی عوام کی مسلسل شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر دشمنوں نے دوبارہ حملہ کیا تو انہیں ایران کی مسلح افواج کی جانب سے فوری اور مؤثر جواب کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کا دائرہ جغرافیائی حدود تک محدود نہیں ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے علیحدگی اور ملک کے دفاعی نظریے پر نظرثانی کرکے ضروری دفاعی ڈیٹرنس پیدا کرنے کا معاملہ اب ایک ناگزیر ضرورت اور عوامی و قومی مطالبہ بن چکا ہے۔ مجلس نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ رہبر انقلاب کی رہنمائی میں اس معاملے پر توجہ دیں۔ دشمن کی مسلسل دھمکیاں، بالخصوص ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف دھمکیاں، ظاہر کرتی ہیں کہ متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے کوئی امید وابستہ نہیں کی جاسکتی۔
مجلس خبرگان نے مختلف حکومتی اداروں کی شرکت اور دفترِ رہبر انقلاب کی نگرانی میں ایک ’’اقتصادی جنگ کا ہیڈکوارٹر‘‘ تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ بیان کے مطابق دشمن اقتصادی جنگ اور ملک پر فضائی و زمینی ناکہ بندی مسلط کرنے کی ناکام کوشش پر انحصار کر رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کی سفارتی مشینری کو بھی اسی راستے پر چلتے ہوئے، بالخصوص ہمسایہ ممالک تک، ایران کا واضح اور فیصلہ کن پیغام پہنچانا چاہیے۔
مجلس خبرگان کے مطابق علاقائی سلامتی صرف خطے کے عوام ہی یقینی بناسکتے ہیں، جبکہ ہزاروں کلومیٹر دور سے آنے والی غیر ملکی طاقتوں کی موجودگی عدم تحفظ کا بنیادی سبب ہے اور ان کا انخلا ہی اس مسئلے کا بنیادی حل ہے۔
آپ کا تبصرہ