مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ کھیلنے کیلیے 8 سال بعد پاکستان پہنچ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سری لنکن ٹیم 8 سال بعد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلیے پاکستان پہنچ گئی ہے، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دبئی اور ابو ظہبی سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی تو پنجاب حکومت اور کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور قومی کرکٹرز کو ون ڈے سیریز جیتنے پر پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے مہمان کھلاڑیوں کو صدر مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جب کہ ہوٹل سے ملحقہ علاقوں میں گھڑ سوار اہلکاروں کا گشت بھی جاری ہے۔ اس سے قبل لاہور ائیر پورٹ آنیوالے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا تھا جب کہ تمام ٹریفک کو بھی روک دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ آج شام 6 بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد سری لنکن ٹیم واپس دبئی کے راستے سری لنکا کے لیے روانہ ہو جائے گی۔
آپ کا تبصرہ