مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلیٰ سطحی وفد نے سید ابوالقاسم رحیمیان کی قیادت میں جامعہ رکن الاسلام حیدرآباد پاکستان کا دورہ کیا اور صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان و صدر جمعیت علمائے پاکستان ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک۔ایران تعلقات، فلسطین کی صورتِ حال، غزہ میں اسرائیلی مظالم، تحریکِ طوفان الاقصیٰ اور اتحادِ امت سمیت اہم عالمی و علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایرانی وفد کی قیادت صدرِ جمہوریہ ایران کی کمیٹی برائے حمایتِ انقلابِ اسلامی از مردم فلسطین کے سینئر مشیر اور بین الاقوامی اتحاد برائے نوجوانان و طلبہ کے سیکرٹری جنرل سید ابوالقاسم رحیمیان کر رہے تھے۔

وفد میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران حیدرآباد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید ہاشمی، کمیٹی کی نائب صدر پرستو سیفی ناجی، حسن لطفی اور شاپور میکائیلزاده قلعہ جوقی شامل تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر یونس دانش بھی موجود تھے۔
ملاقات میں غزہ کی صورتِ حال، اسرائیلی قبضے، تحریکِ طوفان الاقصیٰ کے اثرات، نیتن یاہو کو درپیش سیاسی چیلنجز، امریکی وسط مدتی انتخابات اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی پوزیشن کے علاوہ امتِ مسلمہ کو درپیش مسلکی و سیاسی مسائل پر گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام گہرے دینی، تہذیبی اور تاریخی رشتوں میں منسلک ہیں اور موجودہ عالمی حالات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون، اعتماد اور روابط کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی مزاحمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کو پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ انسانی، اخلاقی اور دینی مسئلہ قرار دیا اور فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امتِ مسلمہ کو مسلکی اور گروہی اختلافات سے بالاتر ہوکر باہمی احترام اور اتحاد کے ذریعے مشترکہ مسائل کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر سعید ہاشمی نے فلسطین کی حمایت میں پاکستانی عوام کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور ظالم قوتوں کی مخالفت کے حوالے سے پاکستان اور ایران کا مؤقف یکساں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کے باہمی تعاون کو بھی اجاگر کیا۔
سید ابوالقاسم رحیمیان نے ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی دینی و ملی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مظلوموں کا مقدمہ عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ضروری ہے۔
وفد کی نائب صدر پرستو سیفی ناجی نے کراچی اور حیدرآباد میں فلسطینی پرچموں کی موجودگی کو پاکستانی عوام کی حمایت اور یکجہتی کی علامت قرار دیتے ہوئے ان کے جذبے پر اظہارِ تشکر کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پاک۔ایران تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں مشترکہ آواز بلند رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ