10 نومبر، 2026، 12:05 AM

مراعات حاصل کرنے کے بدلے امریکہ کی دشمنی کم نہیں ہوگی، کنعانی مقدم

مراعات حاصل کرنے کے بدلے امریکہ کی دشمنی کم نہیں ہوگی، کنعانی مقدم

ایرانی حزب سبز کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ صیہونیوں کے زیرِ انتظام امریکی طاقت کے اصل مراکز کا مقصد ایرانی اسلامی تہذیب کو مٹانا ہے اور مراعات حاصل کرنے کے بدلے امریکہ کی دشمنی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی حزب سبز کے سیکریٹری جنرل اور سیاسی امور کے تجزیہ کار حسین کنعانی مقدم نے مہر کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے رہبرِ انقلابِ اسلامی کے حالیہ پیغام اور اس حقیقت کے بارے میں کہ امریکہ میں حکومتوں کی تبدیلی اور جماعتی تبدیلیوں سے اس ملک کی تسلط پسندانہ پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آتی، کہا کہ تجربے سے ثابت ہوا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کی ریپبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں جماعتوں کی دشمنی۱۹۵۳ء سے، یعنی پہلوی دور سے لے کر انقلابِ اسلامی کے بعد بھی مسلسل جاری رہی ہے اور ان کا مقصد ایران کو ہڑپ کرنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں طاقت کا اصل مرکز صیہونیوں اور صیہونی لابی، یعنی آیپک (AIPAC) کے زیرِ انتظام ہے اور ایران کے حوالے سے ان کی پالیسی ایران کی اسلامی تہذیب کو مٹانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ امید رکھنا کہ ڈیموکریٹس کے اقتدار سے جانے اور ریپبلکنز کے برسرِ اقتدار آنے یا اس کے برعکس ہونے سے ایران کے بارے میں امریکی طاقت کے اصل مراکز کے مؤقف میں تبدیلی آجائے گی، میرے نزدیک حماقت ہے۔ یہ معاملہ نہ صرف غلط اندازۂ حالات ہے، بلکہ ایک طرح کی حماقت بھی ہے۔ البتہ بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو دوسروں کے آلۂ کار ہیں اور اپنی ذمہ داری یہی سمجھتے ہیں کہ اس بات کا جواز پیش کریں کہ شاید حالات بہتر ہو جائیں۔

ایرانی حزب سبز کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ریپبلکنز ہمیشہ طاقت اور فوجی و عسکری وسائل کے ذریعے اپنے مقاصد آگے بڑھاتے رہے ہیں، جبکہ ڈیموکریٹس نے مختلف طریقوں، بغاوتوں اور طول تاریخ میں انجام دی جانے والی دیگر کارروائیوں کے ذریعے اپنے اہداف حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے میں نے کہا تھا کہ اگر ہمیں مذاکرات بھی کرنے ہوں تو ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ہم شیطان سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ جو شخص شیطان سے مذاکرات کرتا ہے، اسے ہوشیار رہنا چاہیے، کیونکہ شیطان ہر لمحہ اس کی جان لینے کے درپے ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ امریکہ مذاکرات کے دوران بھی حملہ کرتا ہے۔

ایرانی سیاسی تجزیہ کار نے کہا کہ جو افراد ذمہ دار عہدوں پر فائز ہیں اور رہبرِ انقلابِ اسلامی کے پیغام اور فرمان کی روشنی میں مذاکرات اور سفارت کاری کے میدان میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وہ کس فریق سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ اگر انہیں یہ معلوم نہیں کہ وہ شیطان سے مذاکرات کر رہے ہیں تو میرے خیال میں ایسے افراد کو ان ذمہ داریوں سے ہٹا دینا بہتر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حکام اور تجزیہ کاروں کے مذاکراتی حساب کتاب میں یہ بات مسلم ہونی چاہیے کہ ہمیں امریکہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی رعایت یا مراعات کی کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے، کیونکہ مراعات دینے سے ایرانی عوام کے خلاف اس کی دشمنی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف دشمن ہی غلط اندازۂ حالات کا شکار نہیں ہوتا، بلکہ ہم بھی اگر ایمان نہ رکھیں، اصولوں کو تسلیم نہ کریں اور رہبرِ انقلابِ اسلامی کے فرمان کے مطابق آگے نہ بڑھیں تو ایسے فیصلے کر سکتے ہیں جو قوم، انقلابِ اسلامی اور حتیٰ کہ خود ہمارے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوں۔

News ID 1942726

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha