مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل عبداللہی نے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری اور زمینی افواج کو خلیج فارس کے ساحلی علاقوں، جزائر اور آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور اس علاقے میں ہونے والی ہر قسم کی آمدورفت کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔
انہوں نے ایرانی آرمی، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور بسیج کے جان نثار اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کے اس دعوے کے برخلاف کہ آبنائے ہرمز کھلی اور آزاد ہے، یہ تزویراتی آبی گزرگاہ مکمل طور پر بند ہے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی طاقتور بحریہ کے کنٹرول اور نگرانی میں ہے۔
میجر جنرل عبداللہی نے بحیرہ عمان کے ساحلی علاقوں کے دورے کے دوران کہا کہ ایرانی فوج کی بحری اور زمینی افواج مکمل تیاری اور بلند حوصلے کے ساتھ بحیرہ عمان کے کھلے پانیوں اور اس کے ساحلی علاقوں کی نگرانی کررہی ہیں۔ ان کے مطابق، ایرانی افواج دشمن کی تمام نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے بحریہ کے کمانڈروں کی موجودگی میں ہونے والے ان دوروں کے دوران مزید کہا کہ خلیج فارس اور اس کے تمام جزائر، بحیرہ عمان اور اس کے ساحلی علاقے، نیز آبنائے ہرمز کے مشرقی اور مغربی حصے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے مکمل کنٹرول میں ہیں۔
ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے کہ کوئی بھی جہاز ایرانی ضوابط اور مقررہ انتظامات سے ہٹ کر اس تزویراتی آبی گزرگاہ سے نہ گزر سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو جہاز کسی بھی وجہ سے مقررہ راستے اور ایرانی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزرنے کی کوشش کرے گا، اس کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی اور اسے شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ