مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر نے ایک بیان میں خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے قریب موجود تمام بحری جہازوں کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے دھوکے میں نہ آئیں اور کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت سے گریز کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران سے تعلق رکھنے والے تین تیل بردار بحری جہازوں پر حملے کا جواب دیا جائے گا۔
سپاہ پاسداران کی بحریہ کے بیان میں کہا گیا کہ امریکی فوج نے ہفتے کی صبح آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی کوشش کے دوران ایران سے تعلق رکھنے والے تین تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ کیا۔ بیان کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں ان بحری جہازوں کو نقصان پہنچا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سپاہ پاسداران کی بحریہ کے اہلکاروں نے اللہ کی مدد اور ایرانی عوام کی حمایت کے سہارے امریکی حملے کا جواب دیا۔
سپاہ پاسداران کے مطابق ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستے سے گزرنے والے تین تیل بردار بحری جہازوں اور دوسرے علاقوں میں امریکہ سے وابستہ تین بحری جہازوں کو نشانہ بنایا۔
بیان میں خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے قریب موجود تمام بحری جہازوں کو واضح انتباہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ امریکی فوج کے دھوکے میں نہ آئیں اور غیر مجاز آبی راستوں سے گزرنے کے لیے کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت سے گریز کریں۔
سپاہ پاسداران نے خبردار کیا کہ اگر کسی بحری جہاز نے اس انتباہ کو نظر انداز کیا اور غیر مجاز آبی راستوں سے گزرنے کی مشتبہ کوشش کی تو اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ