مہر خبررساں ایجنسی کے خصوصی نمائندے کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ اور حماس کے اعلی رہنما اسماعیل ہنیہ کے درمیان ملاقات کے بعد وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دونوں رہنماوں کے درمیان غزہ کے حالات کے بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے بعد دنیا بھر میں فلسطین کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے جنگ کا اختتام صہیونی حکومت کی شکست کے ساتھ ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ ایران اور حماس کے درمیان اعلی سطح پر روابط موجود ہیں۔ اسماعیل ہنیہ نے حالیہ ملاقات کے دوران غزہ کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور مقاومتی جوانوں کے عزم اور بلند حوصلے کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے تاکید کی کہ مقاومت میدان جنگ میں بہت کامیاب کاروائیاں کررہی ہے۔ صہیونی حکومت جس راستے پر چلی ہے، اس کو ہرگز کامیابی نہیں ملے گی بلکہ فلسطین قوم اس جنگ میں سرخرو ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں امریکی حمایت کے سایے میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔ غزہ کی جنگ امریکی اخلاقی اور سیاسی شکست ہے۔
آپ کا تبصرہ