مہر خبر رساں ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پریس کانفرنس میں کہاکہ امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کی برسی کے موقع پر عالم اسلام کے شیعوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔ ہم حج کے شاندار انعقاد کے اچھے دنوں میں ہیں اور سرزمین وحی میں تمام عازمین حج کو عید الاضحی کی پیشگی مبارکباد دیتے ہیں، اور امید کرتے ہیں کہ اس سال کا یہ عظیم اجتماع پرامن اور شاندار طریقے سے منعقد ہوگا اور امت اسلامیہ کے درمیان یکجہتی کو مضبوط بنانے میں معان ثابت ہوگا اور امید ہے کہ تمام عازمین حج کی اپنے ملکوں کی طرف صحت و سلامتی کے ساتھ واپسی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ اس سال بیت اللہ الحرام کے زائرین میں ایرانی زائرین موجود ہیں۔ اس سال سعودی حکام کے تعاون سے ہم حج کے اجتماع میں شرکت کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
کنعانی نے کہا کہ امریکی انسانی حقوق کے ہفتے کا جائزہ اجلاس 28 جون سے 2 جولائی تک منعقد ہوگا اور اس سال وزارت خارجہ مختلف امور پر امریکی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ شائع کرے گی۔
انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بعض ذرائع ابلاغ اس مسئلے کو اٹھاتے ہیں انہیں چاہئے اس سلسلے میں امریکیوں سے سوال کریں۔ جب کہ امریکہ کے حوالے سے ایران کا موقف بالکل واضح ہے اور اس وقت ہم امریکہ میں انسانی حقوق کے ہفتے کے جائزے میں ہیں۔ امریکہ کے بارے میں ایران کا نقطہ نظر امریکی معاندانہ اقدامات کے ردعمل پر مبنی ہے۔ ایران نے اپنے خارجہ تعلقات اور ایرانی قوم کے مفادات کو کسی خاص مسئلے سے جوڑا نہیں ہے اور نہ ہی ایسا کرے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کا نقطہ نظر باہمی احترام کی بنیاد پر متوازن تعلقات قائم کرنا ہے جو ہم نے امریکہ سے کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت کے کل کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ قیادت کا امریکہ کے بارے میں کیا نقطہ نظر ہے اور یہی نظریہ ایرانی قوم کے مفاد میں ہے۔
کنعانی نے کہا کہ ہم قومی مفادات کو کسی مخصوص ملک سے کبھی نہیں جوڑیں گے۔ ہمارے خارجہ تعلقات قومی مفادات اور باہمی احترام پر مبنی ہیں جو ہم نے کبھی امریکی فریق کے رویے میں نہیں دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پابندیوں کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے بارے میں میڈیا کی قیاس آرائیوں پر تبصرہ نہیں کرتے۔" ایران مذاکراتی عمل اور مذاکرات کی میز پر کاربند ہے جس سے ایرانی قوم کے حقوق محفوظ ہو سکتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ہم اسی اصولی اور اعلان شدہ پالیسی فریم ورک کے اندر اپنا نقطہ نظر اور اقدامات جاری رکھیں گے۔
کنعانی نے قطر میں باقری اور مورا کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بارے میں کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی یورپ کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے، تین یورپی ممالک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار کی سابقہ مذاکرات کے تسلسل میں ایک نئی ملاقات مورا سے دوحہ میں ہوئی ہے۔
ناصر کنعانی نے ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے وزرائے خارجہ کی درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے بارے میں کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے سفارتی عمل کو جاری رکھنے کے حق میں ہیں اور میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم مذاکرات کے کس مرحلے میں ہیں، لیکن یہ ایک مثبت عمل ہے جس میں شمال جنوبی ٹرانزٹ کوریڈور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اگلے اقدامات کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی ہے۔ہم اچھے اور تعمیری نتائج حاصل کرنے کی امید کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کی ہمسایہ پالیسی کے فریم ورک میں خلیج فارس کے ممالک اسٹریٹیجک حیثیت کے حامل ہیں جو ہمارے لیے نہایت اہم ہے۔ اسی تناظر میں ہم نے ایرانی وزیر خارجہ کے خلیج فارس کی جنوبی سرحد پر واقع چار اہم ممالک کے دورے کا مشاہدہ کیا جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کے میدان میں بات چیت ہوئی، اس ملاقات کا اہم ایجنڈا خلیج فارس کے آٹھ ملکوں کے مابین تعاون کے لئے مشترکہ ڈائیلاگ فورم کی تشکیل کااعلان تھا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کے بارے میں کہا کہ ہم تعلقات کی بحالی کے مرحلے میں ہیں اور ہم نے سیاسی تعلقات کے میدان میں ایک اچھی شروعات دیکھی ہیں اور ہمارے پاس دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے موثر قانونی فریم ورک موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فریقین اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہیں۔ ہمارا اندازہ یہ ہے کہ اچھی اقتصادی صلاحیتوں کی موجودگی کے فریم ورک کے اندر، معاشی اور تجارتی تعاون کے حصول کے لئے حالات سازگار ہیں۔ ناصر کنعانی نے کہا کہ فریقین نے بیجنگ، کیپ ٹاؤن اور ایران میں ہونے والی ملاقاتوں میں تجارتی اور اقتصادی تعاون کے لیے تیار رہنے پر زور دیا ہے۔
آپ کا تبصرہ