18 دسمبر، 2025، 10:00 PM

شام میں داعش کی واپسی؛ اہم شاہراہوں پر چوکیاں قائم کر دیں

شام میں داعش کی واپسی؛ اہم شاہراہوں پر چوکیاں قائم کر دیں

شام کے شہر ادلب کے جنوبی مضافات اور حلب-دمشق بین الاقوامی شاہراہ پر داعش کے دہشت گردوں نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے۔ نقاب پوش مسلح افراد نے اہم مقامات پر داعش کے پرچم لہرا دیے ہیں اور متعدد چوکیاں قائم کر دیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام میں نقاب پوش مسلح افراد نے ادلب کے جنوبی مضافات میں حلب-دمشق بین الاقوامی شاہراہ پر داعش کے پرچم لہرا دیے ہیں اور اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ ان دہشت گردوں نے ادلب کے جنوبی علاقوں میں متعدد مقامات پر متحرک (Mobile) تفتیشی چوکیاں قائم کر دی ہیں۔

مقامی شامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مسلح افراد نے حلب اور دمشق کے درمیان بین الاقوامی سڑک پر کئی مقامات پر داعش کے جھنڈے نصب کیے ہیں اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لے رہے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ چوکیاں دیّر الغربی گاؤں کے قریب، بسیدا کے علاقے میں اور خان شیخون شہر کے قریب قائم کی گئی ہیں۔ نقاب پوش مسلح افراد وہاں سے گزرنے والے مسافروں کی تلاشی لے رہے ہیں تاکہ شامی فوج اور سیکیورٹی فورسز سے وابستہ اہلکاروں کی شناخت کر کے انہیں نشانہ بنا سکیں۔

دوسری جانب سراقب شہر کے مکینوں نے رپورٹ دی ہے کہ ایک گاڑی جس میں نقاب پوش افراد سوار تھے اور ان کے پاس داعش کے پرچم تھے، تل الرمان گاؤں کی سڑک پر گشت کرتی دیکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ نومبر کے مہینے میں انہوں نے داعش کے ہتھیاروں کے 15 سے زائد ٹھکانوں کی نشاندہی کے لیے دمشق کے ساتھ تعاون کیا ہے، جس کے دوران داعش کے 130 میزائل، گولے اور دیگر ہتھیار تباہ کیے گئے ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں سیکیورٹی کی سنگین صورتحال کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

News ID 1937178

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha