18 دسمبر، 2025، 11:45 PM

یورپی یونین سربراہان کانفرنس، مقاومتی تنظیموں کو غیر مسلح کرنے پر زور

یورپی یونین سربراہان کانفرنس، مقاومتی تنظیموں کو غیر مسلح کرنے پر زور

یورپی یونین کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں غزہ میں امداد کی فراہمی اور لبنان میں استحکام کے نام پر مقاومتی گروہوں کو غیر مسلح کرنے پر زور دیا گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یورپی یونین کے سربراہان کے اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں غزہ کی پٹی میں امن سے متعلق بین الاقوامی انتظام کے قیام اور عارضی عالمی فورس کی تعیناتی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یورپی رہنماؤں نے اپنے بیان میں غزہ میں حماس اور دیگر تمام غیر ریاستی مسلح گروہوں کو مستقل طور پر غیر مسلح کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین رفح میں مبصرین کے مشن کو مضبوط بنانے اور فلسطینی پولیس کی تربیت میں تعاون کے لیے تیار ہے، تاکہ علاقے میں سکیورٹی اور نظم و نسق کو بہتر بنایا جاسکے۔

یورپی سربراہان نے غزہ کے لیے فوری، محفوظ اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے تمام زمینی گزرگاہوں کے ساتھ ساتھ قبرص کے ذریعے بحری راستے کو بھی کھولنے پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی صہیونی آبادکاروں کی جانب سے بڑھتے ہوئے تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے صہیونی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بستیوں کی توسیع کا عمل فوری طور پر بند کرے۔

اعلامیے کے ایک اور حصے میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، لبنان میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور لبنانی حکومت کی ان کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا گیا ہے جن کا مقصد اسلحے کو صرف ریاستی اور سرکاری اداروں کے اختیار تک محدود رکھنا ہے۔

یورپی اجلاس میں اقوام متحدہ کی امن فوج پر حالیہ حملوں کی بھی شدید مذمت کی گئی اور ان واقعات کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔

شام کے حوالے سے یورپی رہنماؤں نے ایک پرامن، جامع اور سب کو شامل کرنے والے سیاسی انتقال اقتدار کی حمایت کرتے ہوئے اس عمل میں بیرونی مداخلت کے تسلسل پر تشویش ظاہر کی۔

یورپی یونین حالیہ مہینوں میں امریکا کے مؤقف کے مطابق بارہا غزہ کے سکیورٹی ڈھانچے میں تبدیلی اور فلسطینی مزاحمتی گروہوں کو غیر مسلح کرنے پر زور دیتی رہی ہے۔

News ID 1937181

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha