مہر خبررساں ایجنسی، مانیٹرنگ ڈیسک: ایران میں جمعہ ہفتے کا آخری دن ہے اسی مناسبت سے مہر نیوز کی جانب سے ملکی و بین الاقوامی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کا جامع جائزہ پیش کیا جاتا ہے۔
مہر نیوز ایجنسی کا مقصد قارئین کو مختصر مگر مستند معلومات فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ بآسانی سمجھ سکیں کہ گزشتہ ہفتے ایران کے سیاسی، معاشی اور علاقائی و عالمی تعلقات میں کون سی اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں۔
صدر پزشکیان کا دورہ ترکمانستان و قازقستان
ایرانی صدر مسعود پزشکیان جمعہ کی دوپہر قازقستان اور ترکمانستان کے تین روزہ سرکاری دورے کے بعد تہران واپس پہنچ گئے۔
ایرانی صدر ترکمانستان میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس برائے امن و اعتماد میں شرکت کے لیے گئے تھے، جہاں انہوں نے کانفرنس میں شریک متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ وطن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ اس دو مراحل پر مشتمل دورے کے نتائج ملک کے لیے مثبت رہے ہیں۔
ایران نے 60 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ ایندھن سے بھرا غیر ملکی ٹینکر ضبط کرلیا
ایرانی حکام کے مطابق، ایران نے بحیرہ عمان میں ایک غیر ملکی آئل ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے، جو 60 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل لے جا رہا تھا۔ یہ کارروائی خطے میں ایندھن کی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف مہم کا حصہ ہے۔
ٹینکر پر موجود عملہ 18 افراد پر مشتمل تھا، جن کا تعلق بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے ہے۔
تہران میں تیسرا ایران۔چین تھنک ٹینک فورم منعقد
ایران۔چین تھنک ٹینک فورم کا تیسرا اجلاس ہفتے کے روز تہران میں وزارتِ خارجہ کے ادارہ برائے سیاسی و بین الاقوامی مطالعات میں منعقد ہوا۔ فورم میں ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ اور تہران میں چین کے سفیر کانگ پی وو نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر کانگ پی وو نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کا طویل تاریخی پس منظر ہے۔
ایتھوپیا کے اعلی عہدیدار کا ایران کا دورہ
ایتھوپیا کے ایوان نمائندگان کے اسپیکر تاگیسے چافو نے گذشتہ ہفتے ایران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت اعلی ایرانی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔
تاگیسے چافو نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔
ایران میں افغانستان سے متعلق اہم علاقائی اجلاس
تہران میں افغانستان کی صورتحال اور وہاں ہونے والی پیش رفت پر غور کے لیے ایک اعلی سطحی علاقائی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہمسایہ ممالک اور خطے کے اہم ممالک کے نمائندے شریک ہوئے۔
اس علاقائی اجلاس میں پاکستان، تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان، چین اور روس سے افغانستان کے امور کے ذمہ دار نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی میزبانی تہران میں ایرانی وزارتِ خارجہ نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کے مسائل کا حل کسی بیرونی فارمولے سے ممکن نہیں، بلکہ اس معاملے میں ہمسایہ ممالک ہی سب سے فطری اور مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ایران نے جوہری شعبے میں تین نئی اہم کامیابیوں کی نمائش
ایران نے پیر کے روز جوہری سائنس کے شعبے میں تین جدید اور نمایاں کامیابیوں کی نمائش کی، جن میں طبی اور تحقیقی استعمال سے متعلق پیش رفت کے ساتھ ساتھ نیشنل نیوکلئیر نیٹ ورک کا آغاز بھی شامل ہے۔
تقریب تہران انٹرنیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف اور ایٹمی توانائی ایجنسی ایران کے سربراہ محمد اسلامی نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے ایک تشخیصی ریڈیو فارماسیوٹیکل گیلیم-68 متعارف کرایا، جو میٹاسٹیٹک میلانوما کی تشخیص کے لیے استعمال ہوگا۔ اس کے علاوہ ایک علاجی ریڈیو فارماسیوٹیکل لوٹی شیئم-177 اور ہڈیوں کے درد کے علاج کے لیے مکمل طور پر خودکار آلہ بھی پیش کیا گیا۔
ان سائنسی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اس موقع پر ایران کے نیشنل نیوکلیئر نیٹ ورک کے عملی آغاز کا بھی اعلان کیا گیا، جس کا مقصد تحقیقی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور ملک کے جوہری شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
رہبر انقلاب کی جانب سے فضائیہ اور فضائی دفاع کے نئے کمانڈروں کی تقرری
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بریگیڈیئر جنرل علیرضا الہامی کو ایرانی ائیر ڈیفنس کا نیا کمانڈر اور بریگیڈیئر جنرل بہمن بہمرد کو ایرانی فضائیہ کا نیا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔
روسی نائب وزیر اعظم کا تہران کا دورہ
روسی نائب وزیر اعظم ویتالی ساویلییف نے گذشتہ ہفتے تہران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران ایران اور روس کے صدور کی اعلی سطحی مفاہمت کے تناظر میں مذاکرات ہوئے، جن میں موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنے اور دوطرفہ تعاون کو عملی مرحلے میں داخل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ایران کا جدید بایو کیپسول، ابتدائی پرواز کے لیے تیار
ایرانی خلائی ایجنسی کے مطابق، ایک جدید اور اپ گریڈ شدہ بایو کیپسول ڈیزائن اور تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور آئندہ چھ سے نو ماہ کے دوران اسے ذیلی مداری (سب آربیٹل) پرواز کے ذریعے تجرباتی طور پر لانچ کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ایران کی خلائی تحقیق اور حیاتیاتی تجربات کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
عباس عراقچی کے بیلاروس اور روس کے دورے
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اتوار کے روز بیلاروس کے دارالحکومت منسک پہنچے، جہاں انہوں نے بیلاروسی حکام کے ساتھ مذاکرات کیے۔ اپنے قیام کے دوران ان کی بیلاروس کے صدر، وزیر خارجہ اور سلامتی کونسل کے سیکریٹری سے ملاقاتیں اور تفصیلی بات چیت ہوئی۔
بیلاروس کے دورے کے اختتام اور وسیع مشاورت کے بعد عباس عراقچی منگل کے روز ماسکو پہنچے، جہاں انہوں نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات اور مذاکرات کیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے روس کے سیاسی اور پارلیمانی رہنماؤں سے بھی گفتگو کی۔
بدھ کے روز ماسکو میں ہونے والی ملاقات کے بعد ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون سے متعلق ایک دستاویز پر دستخط بھی کیے۔
آپ کا تبصرہ