مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی ذرائع نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوج کے مسلسل فوجی حملوں اور جارحیت کی اطلاع دی ہے۔
ذرائع کے مطابق صیہونی فوج نے اپنی تازہ ترین کارروائیوں کے دوران رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع قصبے سلواد پر دھاوا بول کر ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح رام اللہ کے مغرب میں واقع گاؤں شبتین میں بھی فوجیوں نے شہریوں کے گھروں میں گھس کر تلاشی لی اور توڑ پھوڑ کی۔
دوسری طرف الخلیل شہر کے علاقے حارہ ابو سنینہ میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر ایک اور نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا۔ علاوہ ازیں، الخلیل کے جنوب میں واقع شہر دورا پر بھی فوجی یلغار کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے نابلس شہر اور بیت لحم کے مشرق میں واقع علاقے جناتہ العروج میں بھی بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیے۔ اور اسی طرح مغربی کنارے کے جنوب میں واقع الفارعہ کیمپ پر بھی قابض فوج کی جانب سے دھاوا بولا گیا۔
دوسری جانب، مسلح صیہونی آباد کاروں نے قلقیلیہ کے مشرق میں واقع قدومیم چوراہے کے قریب فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں پر شدید پتھراؤ کیا، جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واضح رہے کہ غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی فوج اور آباد کاروں کے حملوں اور گرفتاریوں کی لہر میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
آپ کا تبصرہ