مہر خبررساں ایجنسی نے خبررساں ادارے وفا کے حوالے خبر دی ہے کہ صہیونی مسلح افواج نے علی الصبح بھاری مشینری اور اسلحوں کے ساتھ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں فلسطینیوں کے کیمپ پر حملہ کردیا۔ جارح افواج نے گھروں کی چھتوں سے فلسطینی عوام پر فائرنگ شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعات میں تین فلسطینی جوان شہید ہوگئے ہیں جن میں 30 سالہ فتحی جہاد عبدالسلام، 24 سالہ عبداللہ یوسف محمد ابوحمدان اور 32 سالہ محمد بلال محمد زیتون شامل ہیں۔
علاوہ براین کم از کم چھے افراد ان حملوں میں زخمی ہوگئے ہیں۔ صہیونی فورسز نے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے لے جانے والی گاڑیوں پر بھی فائرنگ کردی۔ مقامی ذرائع کے مطابق جوابی حملے میں ایک صہیونی زخمی ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی صہیونی افواج نے نابلس میں واقع کیمپ عسکر پر حملہ کرکے ایک فلسطینی کو شہید اور کئی دیگر کو زخمی کردیا تھا۔
آپ کا تبصرہ