مہر خبررساں ایجنسی نے سی این این کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جس میں امریکا کا ایف 16 لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز پر تھا جو جنوبی کوریا میں ایک بڑے امریکی فوجی اڈے کے قریب گرکر تباہ ہوگیا۔
امریکی فوج کی جانب سے بھی طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہےکہ طیارہ آٹھویں فائٹر ونگ کے لیے تھا جو ہفتے کی صبح تقریباً 10 بجے اوسان ائیربیس کے قریب کھیتوں میں گرکر تباہ ہوگیا۔ امریکی عسکری ذرائع کا کہنا ہےکہ طیارہ حادثے کے نتیجے میں پائلٹ نے محفوظ طریقے سے طیارے سے انخلا کیا جسے مقامی طبی مرکز منتقل کردیا گیا ہے جب کہ حادثے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
جنوبی کورین حکام کا بتانا ہےکہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور فائر حکام نے طیارے میں لگی آگ کو بجھایا۔امریکی حکام کے مطابق طیارے میں سوار پائلٹ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا تاہم حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
آپ کا تبصرہ