مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں فائرنگ کے تین واقعات میں 9 افراد ہلاک اور 2 درجن سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق امریکی شہروں فلاڈیلفیا، چٹانوگا اور سگینؤ میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 9 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا پہلا واقعہ ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایک مصروف شاہراہ کے پُرہجوم مقام پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس میں 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔
اس کے چند گھنٹوں بعد ہی ریاست تینیسی کے شہر چٹانوگا میں ایک نائٹ کلب میں ہونے والے فائرنگ کے واقعہ میں 3 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا تیسرا واقعہ ریاست مشی گن کے شہر سگنیئو میں پیش آیا جہاں مسلح شخص کی فائرنگ میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس تینوں میں سے کسی ایک واقعہ کے ملزم کا ابھی تک سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں 15 مئی سے اب تک سفید فاموں کی فائرنگ سے ایک در جن سے زائد سیاہ فام ہلاک ہوگئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ