مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے پہلی مرتبہ 20 سیٹیلائٹ ایک ساتھ خلا میں روانہ کردیئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پی ایس ایل وی سی-34 خلائی گاڑی مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے آندھرا پردیش کے سری ہریکوٹا سے لانچ کی گئی جب کہ آئی ایس آراو کے سائنسدانوں کے مطابق خلا میں بھیجے گئے مصنوعی سیارے میں ہندوستان کے 3 اور 17 غیرملکی سیٹیلائٹس ہیں۔ سب سے زیادہ 13 سیٹیلائٹ امریکہ کے ہیں جب کہ کینیڈا، انڈونیشیا اور جرمنی کے سیٹیلائٹ بھی اس مشن میں شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے ایک ساتھ 20 مصنوعی سیاروں کو خلا میں بھیجا ہے، آئی ایس آر او نے اپریل 2008 میں کسی ایک مشن میں سب سے زیادہ 10 سیٹلائٹ روانہ کر کے ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا جس کے بعد ناسا نے 2013 میں 29 سیٹیلائٹ اور روس نے 2014 میں ایک مشن میں 33 سیٹیلائٹ روانہ کئے تھے۔
آپ کا تبصرہ