16 نومبر، 2026، 11:39 PM

کرملین کی طرف سے پیوٹن، شی جن پنگ اور ٹرمپ کی ملاقات سے متعلق اہم تفصیلات

کرملین کی طرف سے پیوٹن، شی جن پنگ اور ٹرمپ کی ملاقات سے متعلق اہم تفصیلات

روسی صدر کے معاون نے اعلان کیا ہے کہ پیوٹن، ٹرمپ اور شی جن پنگ، اپیک سربراہی اجلاس کے موقع پر ایک مفید اور نتیجہ خیز گفتگو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے خبر رساں ادارے انٹرفیکس کے حوالے سے بتایا ہے کہ روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے آج پیر کے روز تصدیق کی ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن 18 نومبر کو اپیک کے تجارتی اجلاس میں شرکت کریں گے اور اس اجلاس کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب سے بات چیت بھی کریں گے۔

روسی صدر کے معاون نے مزید کہا کہ پیوٹن اور شی جن پنگ ایک محدود نشست میں خارجہ پالیسی سے متعلق امور، بشمول یوکرین کے مسئلے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس ملاقات میں پوتین، شی جن پنگ کو امریکہ کے ساتھ ہونے والے تازہ ترین رابطوں سے بھی آگاہ کریں گے۔

یوری اوشاکوف نے کہا کہ مذاکرات اور ناشتے پر ملاقات کے علاوہ پیوٹن اور شی جن پنگ کے درمیان مزید ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔ روس اور چین کے درمیان وسیع وفود کی موجودگی میں ہونے والے مذاکرات میں توانائی کے شعبے اور مصنوعی ذہانت کی ترقی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ پوتین اپیک اجلاس کے مہمانوں کے استقبالیہ پروگرام کے دوران کئی مختصر ملاقاتیں بھی کریں گے اور اس حوالے سے معاہدے بھی طے پا چکے ہیں۔

اوشاکوف نے بتایا کہ گیزپروم اور نوواٹیک سمیت 30 سے زائد روسی کمپنیوں کے نمائندے اپیک کے تجارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اپیک اجلاس میں روسی وفد کافی بڑا ہوگا، جس میں سیلوانوف، اوریشکن، لاوروف، دمتریئیف اور میلر بھی شامل ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 19 نومبر (رواں ہفتے جمعرات) کو اپیک اجلاس کے موقع پر پوتین اور ٹرمپ کی ملاقات کی تیاریاں زیرِ غور ہیں۔ پوتین، ٹرمپ اور شی جن پنگ 19 نومبر کو چینی صدر کی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔

ان تینوں رہنماؤں کی یہ ملاقات ناگزیر ہے اور تمام فریق اس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ اس ملاقات کے بین الاقوامی حالات و واقعات پر گہرے اثرات مرتب ہونے چاہئیں۔

پیوٹن، ٹرمپ اور شی جن پنگ اپیک سربراہی اجلاس کے موقع پر مفید اور نتیجہ خیز گفتگو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ماسکو اور واشنگٹن نے کشنر اور وٹکوف کے دورۂ روس کے دوران پوتین اور ٹرمپ کی ملاقات کی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔

روسی صدر کے معاون نے زور دے کر کہا کہ پوتین، ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کے ایجنڈے اور مشترکہ اعلامیے کے متن پر غور کیا جا رہا ہے۔ روس اور امریکہ نے پوتین اور ٹرمپ کی ملاقات کے ایجنڈے کے بعض موضوعات، جن میں یوکرین بحران کا حل بھی شامل ہے، پر اتفاق کر لیا ہے۔

روس نے پیوٹن، ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیے کے متن سے متعلق اپنی تجاویز چین کو پیش کر دی ہیں۔

News ID 1942907

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha