مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الجزیرہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ایک آئل ٹینکر سے تیل کے اخراج اور سمندری پانی آلودہ ہونے کے بعد ریاست ام القوین کے تمام ساحلوں اور ساحلی علاقوں کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ نگرانی کے نظام کے ذریعے ایک آئل ٹینکر سے تیل کے اخراج کا پتا چلا ہے۔ اس آلودگی کے نتیجے میں غیر معمولی بو بھی پھیل گئی ہے، جس کی شکایات شارجہ، عجمان اور ام القوین کے رہائشیوں نے کی ہیں۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ پھیلنے والی بو سے رہائشیوں کی صحت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
بیان کے مطابق، تیل کے اخراج پر قابو پانے کے لیے ماہر ٹیموں نے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ متاثرہ علاقوں کو محدود کرکے تیل کی صفائی کا کام مقامی اور وفاقی حکام کے ساتھ رابطے اور تعاون سے انجام دیا جا رہا ہے۔
وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نے مزید کہا ہے کہ ساحلی علاقوں کی بندش اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک تکنیکی جائزے مکمل نہیں ہو جاتے اور عوامی تحفظ اور سمندری ماحول کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کا تعین نہیں کر لیا جاتا۔
آپ کا تبصرہ