مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شمالی شام کے صوبہ حلب کے شہر اعزاز میں مسلح افراد اور الجولانی سے وابستہ سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
عرب میڈیا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا جب الجولانی کی فورسز کی ایک گشتی ٹیم شہر کے وسط میں سرگرم چند مسلح گروہوں کے درمیان جاری تصادم ختم کرانے اور ثالثی کے لیے پہنچی۔ اس موقع پر گشتی گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور اسے آگ لگا دی گئی۔
واقعے کے بعد الجولانی کے اہلکاروں نے صورتحال پر قابو پانے اور بدامنی کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے اضافی نفری اور خصوصی دستے علاقے میں تعینات کردیے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جھڑپوں کی بنیاد دو بڑے مقامی خاندانوں کے درمیان قبائلی تنازع تھی، جو بعد ازاں مسلح تصادم میں تبدیل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2024 میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے اور نئی انتظامیہ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے شمالی شام کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے سیکیورٹی چیلنجز اور مسلح جھڑپوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ