مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کے روز اسرائیلی سفارت خانے کے ناظم الامور کو طلب کیا گیا۔ یہ اقدام صمود فلوٹیلا کے گرفتار کارکنوں کے ساتھ اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر کے غیر انسانی سلوک کے مناظر سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔
برطانوی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس قسم کا رویہ انسانیت کے احترام کے بنیادی ترین اصولوں کو پامال کرتا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق مذکورہ مناظر میں بحری قافلے کے افراد کی حراست کی جو صورتحال دکھائی گئی ہے اس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اور اسرائیلی حکام سے اس بارے میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔
اس سے پہلے اسپین کے وزیر خارجہ نے بھی اسرائیلی وزیر داخلہ کے گرفتار کارکنوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی تصاویر سامنے آنے پر ردعمل دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اتمار بن گویر کے اسپین میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کی گرفتاری کے معاملے پر اسرائیلی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا ہے۔
دوسری جانب یہ بھی اطلاع دی گئی ہے کہ پولینڈ نے بھی اسرائیلی ناظم الامور کو طلب کر لیا ہے۔
آپ کا تبصرہ