مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی فوج نے مقبوضہ فلسطین میں واقع اسرائیل کے سب سے بڑے ایئرپورٹ بن گوریان پر سپر سونک بیلسٹک میزائل سے حملے کا دعوی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یمنی مسلح افواج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سپرسونک بیلسٹک میزائل فلسطین 2 کے ذریعے مقبوضہ علاقوں میں واقع بن گوریان ایئرپورٹ کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کارروائی کامیابی سے ہمکنار ہوئی، جس کے نتیجے میں لاکھوں صہیونی آبادکار شدید خوف و ہراس کے عالم میں پناہ گاہوں کی طرف دوڑ پڑے اور بن گوریان ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کردی گئیں۔
یمنی فوج نے مزید کہا ہے کہ میزائل حملے کی وجہ سے امریکی فوج کا کارگو طیارہ مسلسل دوسرے دن بھی بن گوریان ایئرپورٹ پر لینڈنگ نہ کر سکا۔
بیان میں صہیونی حکومت کو واضح طور پر متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر فلسطینیوں کی نسل کشی اور مظالم کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو یمن سے مزید بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب صہیونی ذرائع نے بھی اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یمن سے ہونے والے میزائل حملے کے بعد بن گوریان ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئی ہیں۔ حملے کے دوران 139 مقامات پر ہوائی حملے کے سائرن بجنے کی اطلاعات ملی ہیں۔
آپ کا تبصرہ