مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے یمن کے مختلف شہروں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان نے صنعاء اور الحدیدہ پر امریکی اور برطانوی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملے کے ذمہ دار ممالک کے خلاف اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق کاروائی کی جائے۔
انہوں نے خطے میں جارحیت اور جنگ کا دائرہ بڑھانے کی صہیونی کوششوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی میں صلح اور امن قائم کرنے کے لئے لبنان اور فلسطین میں صہیونی جارحیت کو روکنے کی ضرورت ہے۔
بقائی نے مزید کہا کہ فلسطین اور لبنان میں غاصب صہیونیوں کی بربریت کے جواب میں یمن اور دیگر ممالک کے عوام کا ردعمل فطری ہے۔ امریکہ اور اس کے حامیوں کی جانب سے کاروائیوں سے یمنی عوام کے عزم اور ارادے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
آپ کا تبصرہ