مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی نائب صدر رضا عارف نے لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی کو پیغام بھیجا اور صہیونی حکومت کے حملوں پر لبنانی عوام اور مقاومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے صہیونی حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ رضا عارف نے اپنے پیغام میں کہا کہ لبنان پر صہیونی حکومت کا حملہ انسانیت پر حملہ ہے اور صہیونی حکومت نے دنیا کے سامنے اپنی حقیقت ایک مرتبہ پھر عیاں کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے صہیونی حکومت کی گستاخی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اسرائیل نے ثابت کردیا کہ وہ خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔
رضا عارف نے عالمی ممالک بالخصوص اسلامی حکومتوں سے اپیل کی کہ انسانیت سوز جرائم پر نتن یاہو کی مذمت کریں اور صہیونی حکومت کو جنایات سے روکنے کے لئے موثر اقدامات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران صہیونی حکومت کی جنایتوں کا نزدیک سے جائزہ لے رہا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران تمام بین الاقوامی فورمز پر لبنانی عوام اور مقاومت کے ساتھ ہے۔
آپ کا تبصرہ