مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے علاقے ضاحیہ میں ہونے والے سائبر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیروت میں ہونے والا سائبر حملہ صہیونی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کی کڑی ہے۔ حملے میں ملوث عناصر کو بین الاقوامی قوانین کے تحت سخت سزا دینی چاہئے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ حملہ اجتماعی قتل عام کا اقدام شمار ہوتا ہے۔ اس حملے سے صہیونی حکومت نے ثابت کیا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہونے کے علاوہ خطے اور بین الاقوامی امن کے لئے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے دہشت گرد حملوں کے تدارک کے لئے عالمی برادری کو صہیونی حکام کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔
کنعانی نے لبنانی حکومت، مقاومت اور عوام سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لئے مغفرت اور زخمیوں کی شفایابی کی دعا کی اور کہا کہ اس موقع پر ایران لبنان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔
آپ کا تبصرہ