مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے چوتھی اقتصادی تعاون تنظیم وزرائے داخلہ کانفرنس کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، ایکو ممالک کے وزرائے داخلہ کا اجلاس تہران کے سمٹ کانفرنس ہال میں شروع ہوا، جس کا مقصد خطے کے ممالک کے درمیان سیکیورٹی، سفارت کاری اور شہری تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں پاکستان، تاجکستان، ترکمانستان، آذربائیجان، افغانستان، قازقستان، کرغزستان، ترکی، ازبکستان اور ایران کے وزرائے داخلہ و اعلیٰ حکام شریک ہیں، جبکہ ECO کے سیکریٹری جنرل، عمان کے وزیر داخلہ اور عراق کے نائب وزیر داخلہ بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہے ہیں۔
صدر پزیشکیان نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ایران خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ECO پلیٹ فارم کے ذریعے رکن ممالک کو مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
اجلاس میں سیکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرحدی نگرانی، انسدادِ دہشت گردی، منظم جرائم کی روک تھام اور سرحدی سفارت کاری جیسے اہم امور پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ اقتصادی و شہری سفارت کاری، گورنرز و بلدیاتی اداروں کے درمیان تعاون، جڑواں شہروں کے تعلقات اور ان شعبوں میں موجود صلاحیتوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی جا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں جو ان شعبوں میں عملی اقدامات کی تجاویز مرتب کریں گے۔
ایران کی میزبانی میں منعقدہ یہ اجلاس خطے میں سفارتی روابط کو تقویت دینے اور مشترکہ ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ