مہر خبررساں ایجنسی نے اناتولی نیوز کے حوالے سے کہا ہے کہ اسپینش وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ یورپی ممالک فلسطین کو ایک خودمختار کی حیثیت سے تسلیم کریں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کا عمل کئی یورپی ممالک کی شراکت کے ساتھ انجام پائے گا۔
جدید منتخب ہونے والے اسپینش وزیراعظم نے اس سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے اس معاملے کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اگر دوسرے ساتھ نہ دیں تو اسپین تنہا اپنا فیصلہ کرے گا۔
علاوہ ازین بیلجئم کے وزیراعظم الیگزینڈر دیکرو نے بھی مصر میں اسپینش وزیراعظم کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں سویلین پر حملے کرنے میں بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے۔
انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اولین ترجیح حماس کے پاس موجود اسیروں کی رہائی اور غزہ میں جاری انسانی بحران کو ختم کرنا ہے۔
الیگزینڈر نے مزید کہا کہ ہمیں ٹیبل پر بیٹھ کر فلسطین کو تسلیم کرنے کے حوالے سے مذاکرات کرنا چاہئے۔
یورپی ممالک کے وزرائے اعظم کے بیانات کے بعد صہیونی وزارت خارجہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان بیانات کو دہشت گردی کی حمایت قرار دیا ہے۔ صہیونی وزیرخارجہ نے اسرائیلی وزارت خارجہ کو حکم دیا ہے کہ مذکورہ یورپی ممالک کے سفیروں کو بلاکر اس حوالے سے توضیح طلب کی جائے۔
آپ کا تبصرہ