مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے الجزائر کے پارلیمانی سپیکر سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے فلسطین میں جاری صہیونی جارحیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے انگولا میں بین الاقوامی بین الپارلیمانی یونین کے حالیہ اجلاس میں ایران اور الجزائر کے پارلیمانی وفود کے درمیان تعاون کا ذکر کرتے ہوئے فلسطین کے نہتے عوام کی حمایت میں دونوں ممالک کے مناسب اقدامات پر تاکید کی۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی خواتین اور بچوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے غیر انسانی حملوں کو روکنے کے لیے اسلامی ممالک کی طرف سے فوری طور پر ایکشن لینا چاہیے۔
انہوں نے تاکید کی کہ ایران کی پارلیمنٹ فلسطینیوں کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے اسلامی ممالک کے پارلیمانی سربراہوں کی سطح پر غیر معمولی اجلاس منعقد کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
ابراہیم بوغلی نے فلسطینیوں کی حمایت میں ایران کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ الجزائر آزادی کے متلاشیوں اور انقلابیوں کا ملک ہے، اس لیے فلسطینی عوام کی حمایت ہمارا دائمی موقف ہے۔
انگولا میں منعقد ہونے والے حالیہ اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی اور جبری نقل مکانی کے باوجود اس اجلاس میں بعض اسلامی ممالک کی طرف سے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا گیا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی جانب سے تہران میں فلسطین کی مستقل کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس کے انعقاد کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کو روکنے اور غزہ کے عوام کی مدد کے لیے عملی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ