مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے AIPAC کے سالانہ اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ کے بیانات پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے غاصب اور متعصب صہیونی حکومت کیلئے اپنے ملک کی ہمہ جہت حمایت کے تسلسل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت بیانات دیئے ہیں۔
کنعانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فلسطینی قوم کی حمایت مظلوموں، آزادی پسند تحریکوں اور حق خود ارادیت کی حمایت، قبضے کی نفی اور نسل پرستانہ رویوں کے خلاف جہدوجہد پر مبنی ہے۔
کنعانی نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ دوسری حکومتوں کے خلاف امریکی طاقت کے بل بوتے پر دھمکی، بین الاقوامی قوانین بالخصوص اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعات کے خلاف ہے، لہٰذا اس حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران اپنی مدافعانہ طاقت کو مضبوط کرنے اور اپنے حقوق اور سلامتی کے تحفظ میں کوئی دریغ نہیں کرے گا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے امریکی حکام کو مشورہ دیا کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگانے سے گریز کرتے ہوئے ایران کے بارے میں اپنی غیر قانونی اور ناکام پالیسیوں کے تسلسل پر نظر ثانی کریں۔
آپ کا تبصرہ