5 دسمبر، 2025، 9:39 PM

دنیا کی کوئی طاقت حزب اللہ کو غیر مسلح نہیں کر سکتی، نعیم قاسم

دنیا کی کوئی طاقت حزب اللہ کو غیر مسلح نہیں کر سکتی، نعیم قاسم

لبنانی مقاومتی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ امریکہ اور غاصب اسرائیل، حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی سازش میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعہ کے روز شہید علمائے مقاومت کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ شہید علماء کا خون ہماری زندگی کی روشنی ہے اور ان کا قلم وہ راستہ ہے جس پر ہم چلتے ہیں۔ 

انہوں نے دو عظیم علماء، شہید سید عباس موسوی اور شیخ راغب حرب کو لبنان میں تحریک مقاومت کے بانیوں کے طور پر یاد کیا۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ کی ترقی نے لبنان اور بیرون ملک بہت سے لوگوں کو حیران کیا ہے۔ دشمن چاہتے تھے کہ حزب اللہ کو ختم کر دیں کیونکہ یہ وطن پرستی، آزادی اور وقار کی علامت ہے۔  

انہوں نے زور دیا کہ حزب اللہ قومی سطح پر ایک متحد قوت ثابت ہوا ہے اور لبنان کی تعمیر و آزادی کے لیے ہر فریق کے ساتھ تعاون کرے گا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے اسرائیلی توسیع پسندانہ پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا ہر قیمت پر مقابلہ کیا جانا چاہیے۔  

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کو لبنان کے داخلی امور میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ لبنان کا دفاع کرے گا اور کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گا۔  

انہوں نے کہا کہ حزب اللہ نے دین کی بنیاد پر کام کیا ہے، اسلامی اصولوں پر قائم رہا ہے اور جہاد فی سبیل اللہ کو انسانیت کی رہنمائی سمجھا ہے۔ ہم حزب اللہ میں اس بات پر تربیت پائے ہیں کہ وطن سے محبت کریں، آزادیٔ انتخاب پر ایمان رکھیں، ریاست کو مضبوط کریں اور آزادیٔ اظہار کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی استکبار حزب اللہ کو ختم کرنا چاہتی ہے کیونکہ مقاومت ایک تبدیلی لانے والا منصوبہ ہے جو وطن پرستی، آزادی اور وقار پر مبنی ہے۔ حزب اللہ لبنانی مقاومت کا لازمی حصہ ہے اور مختلف قوتوں کے ساتھ تعاون کرتا رہا ہے۔  

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ نے مسیحی برادری کے ساتھ بھی تعلقات قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا حزب اللہ کے مخالفین نے پوپ کو بھیجے گئے خط کو داغدار کرنے کی کوشش کی، حالانکہ وہ خط پاکیزگی کی عکاسی کرتا ہے۔  

انہوں نے زور دیا کہ حزب اللہ کسی کی تصدیق کا محتاج نہیں اور کسی کو یہ حق نہیں کہ اسے سند عطا کرے۔ لبنان اس وقت اسرائیلی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے جسے ہر قیمت پر روکا جانا چاہیے۔ حزب اللہ اپنے عوام اور ملک کا دفاع کرے گا اور کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گا۔  

انہوں نے کہا کہ حکومت لبنان کا فیصلہ کہ جنگ بندی کمیٹی میں ایک شہری رکن شامل کیا جائے، ایک غیر ضروری رعایت ہے جو اسرائیل کے موقف کو نہیں بدل سکتی۔ حزب اللہ نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے اور اب گیند حکومت کے کورٹ میں ہے۔

News ID 1936915

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha