20 نومبر، 2022، 3:37 PM

زاہدان مسجد کے امام جماعت کے قتل میں ملوث 5 افراد گرفتار

زاہدان مسجد کے امام جماعت کے قتل میں ملوث 5 افراد گرفتار

ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر زاہدان میں ایک شیعہ عالم اور مسجد مولائے متقیان کے امام جماعت کے قتل کے 5 مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق انٹیلی جنس فورسز نے صوبہ سیستان و بلوچستان کے مرکز زاہدان کی مسجد مولائے متقیان کے پیش امام شہید حجة الاسلام و المسلمین سجاد شہرکی کی شہادت میں ملوث پانچ مجرموں کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار ہونے والوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے اعترافات میں کہا ہے کہ ان کے بیرونِ ملک سے فعالیت کرنے والے انقلاب مخالف گروپوں کے ساتھ تعلقات ہیں جبکہ انہوں نے دشمن ممالک کی جاسوسی ایجنسیوں سے رابطوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔ مجرمین نے مزید اعتراف کیا ہے کہ وہ صوبہ سیستان و بلوچستان میں تفرقے کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور مذہبی فسادات چھیڑنے کے لیے صوبے میں شیعہ اور سنی شخصیات اور حساس مقامات کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

خیال رہے کہ 3 نومبر کو نامعلوم مسلح افراد نے ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان اور بلوچستان میں زاہدان کی ایک مسجد میں ایک شیعہ عالم کو قتل کر دیا تھا۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا تھا کہ مسلح افراد 2 کاروں میں آئے تھے جبکہ انہوں نے اپنے چہرے ڈھانپے ہوئے تھے اور کمر پر پٹی باندھی ہوئی تھی۔ حجة الاسلام و المسلمین سجاد شہرکی کو سر اور سینے میں گولیاں لگی تھیں اور ہسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

News ID 1913256

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha