مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ دہشت گرد کمانڈر خالد عرف محمد نبی نے جعلی نام سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا۔ دہشت گرد کے قبضہ سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جو راولپنڈی میں تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔دوران تفتیش دہشت گرد نے انکشاف کیا کہ چھ سال قبل داعش تنظیم کے سابقہ خلیفہ ابوبکر البغدادی کی بیعت کے بعد اسے بطور امیر داعش خراسان دلسوالی نور گل مقرر کیا گیا۔
خالدعرف محمد نبی داعش تنظیم کو خراسان میں منظم کرنے اور داعش کے زیر قبضہ علاقہ کے دفاع اور محاذ آرائی میں ملوث رہا جبکہ 2019 میں افغان فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہوکر جلال آباد اور پل چرخی جیل میں قید بھی رہا، 2021 میں طالبان حکومت آنے کے بعد پل چرخی جیل ٹوٹنے پر فرار ہوا اور غیر قانونی طور پر افغانستان سے پاکستان داخل ہوا۔
دہشت گرد نے اپنی شناخت چھپانے کیلئے محمد خالد کے نام سے جعلی شناختی کارڈ بنایا۔دوسری کارروائی میں سی ٹی ڈی پنجاب نے سول حساس ادارے کے تعاون سے داعش کے دہشت گرد فاروق عباس سکنہ پشاور کو دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کیا۔مذکورہ دہشت گرد راولپنڈی اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے منصوبے سے داخل ہوا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔
آپ کا تبصرہ