مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ بیداری اُمت مصطفیٰ پاکستان کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے عالمی یومِ طوفان الاقصٰی کے موقع پر کہا ہے کہ 7 اکتوبر کو فلسطین کو فراموش نہ کرنے، مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور امتِ مسلمہ کی بیداری کے دن کے طور پر اجاگر کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طوفان الاقصیٰ نے فلسطین کے مسئلے کو ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر نمایاں کیا ہے، اب ضروری ہے کہ 7 اکتوبر کو دنیا بھر میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور اسرائیلی و امریکی ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کا مسئلہ صرف فلسطینی عوام کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ اور ہر باشعور انسان کا مسئلہ ہے۔ پاکستان بھر میں 7 اکتوبر کو ریلیوں، اجتماعات اور مختلف پروگراموں کے ذریعے فلسطین کے مظلوم عوام اور مزاحمت و مقاومت سے اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا۔
علامہ سید جواد نقوی نے مزید کہا کہ مسلم حکمرانوں کی خاموشی اور عالمی اداروں کی بے عملی نے فلسطین کے المیے کو مزید سنگین کیا ہے۔ امتِ مسلمہ کو محض مذمت اور بیانات تک محدود رہنے کے بجائے فلسطین کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر کو فلسطین کو یاد رکھنے، مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے اور امتِ مسلمہ کی بیداری کا پیغام عام کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے۔
آپ کا تبصرہ