مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے باب المندب کی جانب پیش قدمی اور اسے اپنے کنٹرول میں لینے کے لیے سعودی عرب سے وابستہ مسلح عناصر کی وسیع کارروائی کو یمنی فورسز نے مضبوط مزاحمت کے نتیجے میں ناکام بنادیا ہے۔
یمنی ٹی وی چینل المسیرہ کے مطابق جنرل یحیی سریع نے ایک بیان میں کہا کہ باب المندب کے حساس علاقے کی جانب سعودی حمایت یافتہ فورسز کی وسیع پیمانے پر پیش قدمی کی کوشش کا یمنی مسلح افواج نے بھرپور دفاع اور فیصلہ کن ردعمل کے ذریعے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں سعودی فورسز کی یہ کوشش مکمل طور پر ناکام ہوگئی۔
جنرل سریع کے مطابق مذکورہ فوجی کارروائی میں سعودی حمایت یافتہ فورسز کوئی قابل ذکر میدانی کامیابی حاصل نہیں کرسکیں اور انہیں بالآخر پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
دوسری جانب یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے سعودی فضائی حملوں میں اضافے کی بھی اطلاع دی۔ ان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں پر 66 نئے فضائی حملے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی ایف 15 اور ٹائفون جنگی طیاروں نے خمیس مشیط اور طائف کے فضائی اڈوں سے پرواز کرتے ہوئے الجوف، تعز، مأرب، الحدیدہ، حجہ اور صعدہ صوبوں میں شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔
جنرل یحییٰ سریع نے مزید کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں متعدد شہری، بالخصوص خواتین اور بچے، جاں بحق یا زخمی ہوئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ