مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مغربی آذربائیجان کے محکمہ انٹیلی جنس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کی منصوبہ بندی کرنے والے علیحدگی پسند گروہ کے چار مسلح دھڑوں کے ارکان کو انٹیلی جنس اہلکاروں نے کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا۔ یہ گروہ امریکہ اور اسرائیل کے منصوبے کے تحت سرگرمیاں منظم کر رہے تھے۔ کارروائی میں ان چاروں دھڑوں کے تمام 27 ارکان کی شناخت کرکے انہیں حراست میں لیا گیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 52 کلاشنکوفیں، 94 میگزین اور ایک اسٹارلنک ڈیوائس برآمد کی گئی۔
محکمہ انٹیلی جنس کے مطابق، ان چاروں دھڑوں کے پانچ شعبے تھے، جن میں جاسوسی، عملی کارروائیاں، تشہیر، معاونت اور مالی امور شامل تھے۔ یہ گروہ سرحدی علاقوں سے اسلحہ منتقل کرنے کے علاوہ اسٹارلنک ڈیوائسز کو ملک کے اندر مختلف شہروں تک پہنچانے میں بھی ملوث تھے، تاکہ امریکی اور صہیونی جارحیت میں دشمن کی مدد کر سکیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پڑوسی ممالک سے اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے والی تین ٹیموں کے چھ ارکان کو بھی ملک میں داخل ہوتے وقت شناخت کرکے گرفتار کیا گیا۔ ان میں ایک غیر ملکی شہری بھی شامل ہے۔
ان اسمگلروں کے قبضے سے 201 پستول اور دیگر خودکار ہتھیاروں کے علاوہ پستول کے 100 اضافی میگزین بھی برآمد کیے گئے۔ یہ اسلحہ دہشت گردانہ کارروائیوں اور شہروں میں مسلح بدامنی پھیلانے کے لیے ملک میں لایا جا رہا تھا۔
آپ کا تبصرہ