مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی سرحدی سیکورٹی فورسز نے جنوب مشرقی سرحدوں پر اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سرحدی سیکورٹی فورسز کے سربراہ کمانڈر علی اکبر جاویدان نے اسمگلروں کے خلاف کامیاب کارروائی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سیستان و بلوچستان کی سرحدی پٹی میں تعینات اہلکاروں نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے بھاری اسلحہ ملک میں داخل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
انہوں نے بتایا کہ اسمگلر ایک گاڑی کے ذریعے اسلحے کی بڑی کھیپ سرحد پار منتقل کرنا چاہتے تھے، تاہم سیکورٹی فورسز نے زیرو پوائنٹ پر گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے فرار کی کوشش کی جس پر فورسز نے حکمت عملی کے تحت مسلح جھڑپ کے بعد گاڑی کو روک لیا۔
کارروائی کے دوران ایک گاڑی تحویل میں لے کر 11 پستول، 2 شکاری بندوقیں، 10 آر پی جی-7 گولے، 18 میگزین اور 549 جنگی کارتوس برآمد کیے گئے۔
کمانڈر جاویدان نے کہا کہ اس کیس سے جڑے دیگر عناصر کی تلاش جاری ہے اور جنوب مشرقی سرحدوں پر کسی بھی قسم کی بدامنی سے نمٹنے کے لیے سرحدی سیکورٹی اہلکار مکمل طور پر الرٹ اور تیار ہیں۔
آپ کا تبصرہ